Pages

Thursday, January 31, 2013

زندہ موت



چھوٹے چھوٹے میل رنگے
جابجا تڑکے ہوئے گندے کپوں میں
چائے پینے کا بھی اپنا ہی مزا ہے
دیر تک پکتے ہوئے قہوے کی خوشبو بھی نشہ ہے
اور ڈُنگیا سے  مسلسل
پھینٹتے رہنے کی دل خوش کن صدا
توبہ! بلا ہے
اس پہ شوریدہ فضا میں
سگریٹوں کا ہر طرف پھیلا دھواں
ٹوٹی ہوئی میزوں کی درزوں میں
پناہیں ڈھونڈتی سرگوشیاں
راز و نیازِ زندگی
حالات کی ماری سسکتی مفلسی
فردا سے بے پرواہ دن بھر کی تھکن
محرومیاں، ایماں شکن
مجبوریوں کی گلتی سڑتی میتوں پر
ٹوٹتی نازک امیدوں کے کفن
پھر داؤ پر لگنے سے ڈرتی عزتیں
یا قرض کی سُولی پہ مرتی عزتیں
بیتے ہوئے دن کا عذابِ زندگی
ہر روز رہ جاتا ادھورا ایک بابِ زندگی
چائے کے ان گندے کپوں میں چھوڑ کر
ہر شخص جب گھر جائے گا
تو چڑچڑاتی چارپائیوں پر پڑے
میلے کچیلے بستروں پر
بھوکے جسموں پر گراں کچھ بوجھ کو
بدبو کے بھبکوں میں گرا کر
اک نئی شب کے لیے
پھر بدنصیبی کے تعفن کی رداء
اوڑھے گا اور مر جائے گا !

سالکؔ صدیقی


 جملہ حقوق محفوظ ہیں 


0 comments:

اگر ممکن ہے تو اپنا تبصرہ تحریر کریں

اہم اطلاع :- غیر متعلق,غیر اخلاقی اور ذاتیات پر مبنی تبصرہ سے پرہیز کیجئے, مصنف ایسا تبصرہ حذف کرنے کا حق رکھتا ہے نیز مصنف کا مبصر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

اگر آپ کے کمپوٹر میں اردو کی بورڈ انسٹال نہیں ہے تو اردو میں تبصرہ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کرکے شائع کردیں۔